بحث وتحقیق

تفصیلات

مغربی کنارے میں اسرائیلی حملہ، تین فلسطینی قتل، 69 زخمی

فلسطین میں مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں منگل کو اسرائیلی فوج کے تازہ حملے میں تین افراد مارے گئے جبکہ حزب اللہ نے اسرائیل کو لبنان میں فلسطینی عسکریت پسندوں کو نشانہ بنانے کے خلاف خبردار کیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ نابلس میں اسرائیلی فوج کے حملے میں تین افراد جان سے گئے اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

تازہ ترین تشدد غزہ میں اسرائیل اور اسلامی جہاد کے درمیان لڑائی کے خاتمے کے دو دن بعد سامنے آیا۔ 

فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی نے کہا کہ گولیاں لگنے سے زخمی 69 افراد کا علاج کیا گیا ہے، جن میں سے کم از کم چار کی حالت تشویش ناک ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ’الاقصیٰ شہدا بریگیڈ‘ کے ایک سینیئر فلسطینی کمانڈر ابراہیم النابلسی بھی شامل تھے۔ 

اسرائیلی فورسز نے مزید کہا کہ انہوں نے چار مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔

الاقصیٰ شہدا بریگیڈ نے اس کارروائی کے بعد ایک بیان میں کہا: ’اس حملے کا جواب کیے گئے جرم کے مطابق دیا جائے گا۔‘

فلسطینی وزارت صحت نے ہلاک ہونے والوں کے نام نابلسی، اسلام صبوح اور حسین طحہٰ بتائے ہیں۔

حسین کے والد جمال طحہٰ نے بتایا کہ ان کا 16 سالہ بیٹا اس وقت مارا گیا جب وہ کام پر جا رہا تھا۔

پرانے شہر میں بھاری فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں جب درجنوں اسرائیلی فوجی گاڑیوں نے مغربی کنارے کے سب سے بڑے شہر میں ٹریفک کو روک دیا۔

شہر کے دیگر علاقوں میں فلسطینیوں نے اسرائیلی فوجیوں پر پتھراؤ کیا جس کے باعث جھڑپیں بھی ہوئیں۔ فوج کی فائرنگ میں کئی فلسطینی زخمی ہوئے۔ 

حزب اللہ کا بیان

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایرانی حمایت یافتہ لبنانی تحریک حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے منگل کو اسرائیل کو خبردار کیا کہ لبنان میں فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کی کوئی بھی کوشش خطرناک ہو گی۔

عاشورہ کے موقعے پر ایک ٹیلی ویژن خطاب میں حسن نصر اللہ نے کہا: ’کسی بھی شخص پر حملے کے خلاف جواب دیا جائے گا اور سزا کے بغیر نہیں چھوڑا جائے گا۔‘

ہفتے کو اسرائیلی وزیر دفاع نے بیرون ملک مقیم اسلامی جہاد کے عہدے داروں کو ممکنہ طور پر نشانہ بنانے کا اشارہ دیا تھا جو ان کے بقول ’تہران، شام اور لبنان کے ریستورانوں اور ہوٹلوں میں دیکھے جا سکتے ہیں۔‘

اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا تھا کہ ’انہیں بھی قیمت ادا کرنی پڑے گی۔‘

پیر کو مصر کی ثالثی میں غزہ میں جنگ بندی کے ایک دن بعد اسرائیلی وزیر نے کہا کہ اسرائیل اپنے شہریوں کے تحفظ اور خودمختاری کے لیے ’تہران سے لے کر خان یونس تک‘ حملے کر سکتا ہے۔


: ٹیگز



بحث وتحقیق

تازه ترين ٹویٹس

تازہ ترین پوسٹس

اتحاد کی شاخیں