نیویارک میں فلسطین کے حق میں مظاہرہ ، میوزیم پر قبضہ. پرچم لہرایا.
نیویارک () امریکہ میں فلسطین کے حق میں مظاہرہ کرنے والوں نے نیو یارک کے بروکلین میوزیم پر قبضہ کرکے اس پر فلسطین کا پرچم لہرادیا۔ مظاہرین کو میوزیم سے نکالنے کی کوشش کے دوران پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئیں جن میں متعدد افراد زخمی ہوئے جبکہ پولیس نے چند مظاہرین کو گرفتار بھی کرلیا۔بروکلین میوزیم کے باہر لگے ہوئے ایک مجسمے پر مظاہرین نے سپرے بھی کیا اس حوالے سے ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے کہا کہ میوزیم کے اندر رکھے ہوئے فن کے نمونوں کو معمولی نقصان پہنچا۔ صورتِ حال کی سنگینی کے پیشِ نظر میوزیم کو مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ پہلے بند کردیا گیا۔مظاہرین نے میوزیم کی چھت پر ایک بینر بھی لہرادیا جس پر فلسطین کو آزاد کرنے کا مطالبہ درج تھا۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں میوزیم کی عمارت کے باہر بھی ہوئیں اور اندر بھی۔بروکلین میوزیم کے ترجمان نے بتایا کہ میوزیم کے اندر رکھے ہوئے فن کے چند نئے نمونوں کو تھوڑا نقصان پہنچا۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں میوزیم کے گارڈز کو بڑھتے ہوئے ہجوم سے اپنے دروازے کو محفوظ بنانے کی کوشش کرتے ہوئے اور مظاہرین کو اندر جانے کے دوسرے راستے تلاش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
میوزیم کے ترجمان نے تبصرہ کرنے کے لیے ای میلز اور فون کالز کا جواب نہیں دیا، لیکن این وائے پی ڈی کے ترجمان نے تصدیق کی کہ مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ محکمے کے پاس فوری طور پر اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ کتنے افراد کو گرفتار کیا گیا ہے یا انہیں کن الزامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے.
ریلی جمعہ کی سہ پہر این بی اے کے بروکلین نیٹ کے گھر بارکلیز سینٹر سے شروع ہوئی۔ مارچ کرنے والے ڈھول بجاتے اور نعرے لگاتے ہوئے تقریباً ایک میل دور میوزیم تک پہنچے۔
آرگنائزرز، بشمول گروپ ودِن آور لائف ٹائم، نے حامیوں سے میوزیم پر قبضہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت تک عمارت خالی نہیں کریں گے جب تک کہ حکام غزہ میں اسرائیل کی کارروائیوں سے منسلک کسی بھی سرمایہ کاری سے دستبردار نہیں ہو جاتے۔