ترکی کے امورِ دینیہ کے صدر کی فلسطین میں اسرائیلی قبضے کے خاتمے کے لیے اسلامی دنیا کے اتحاد کی اپیل
ترکی کے امورِ دینیہ،کے صدر پروفیسر ڈاکٹر علی ارباش نے اسلامی دنیا کے اتحاد اور مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی قبضے کے مکمل خاتمے تک جدوجہد کو یکجہتی اور عزم کے ساتھ جاری رکھنا ہوگا۔
انہوں نے یہ بات پیر کی شام "طوفانِ اقصیٰ سے آزادیِ اقصیٰ تک" کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں عالمی اتحاد برائے مسلم اسکالرز کے زیرِ اہتمام امت کے نامور علماء، دُعاۃ اور مفکرین نے شرکت کی۔
ڈاکٹر علی ارباش نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے پیچھے ایک منحرف عقیدہ کارفرما ہے۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا:
"اس عقیدے کے مطابق، صہیونی خود کو دنیا کے آقا سمجھتے ہیں اور زمین کو اپنی ذاتی ملکیت تصور کرتے ہیں، یہی نظریہ فلسطین کو خون میں نہلانے کا سبب بنا ہے۔"
انہوں نے عالمی طاقتوں کے ان رہنماؤں پر بھی شدید تنقید کی جو اسرائیلی پالیسیوں کی حمایت کرتے ہیں، اور انہیں بھی اسی گمراہ کن سوچ کا پیروکار قرار دیا۔
ڈاکٹر علی ارباش نے مسلمانوں کو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ظلم کا مقابلہ کرنے کے لیے اجتماعی شعور بیدار کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ القدس اور غزہ کے مسئلے کو اجاگر کرنے اور اسلامی صفوں کو متحد کرنے کے لیے کوششوں کو تیز کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
ترکی کے صدرِ امورِ دینیہ نے اپنی تقریر میں کہا:
"ہمیں القدس، غزہ اور فلسطین کے لیے اپنے دل، اپنی قوت اور اپنے وسائل کو متحد کرنا ہوگا۔ جب تک اسرائیلی قبضہ مکمل طور پر ختم نہیں ہو جاتا، ہمیں مشترکہ جدوجہد جاری رکھنی ہوگی، کیونکہ ظلم کے خاتمے کا واحد راستہ اتحاد اور یکجہتی ہے۔"
ماخذ: اناضول