غزہ کی پٹی میں فلسطینی وزارت صحت نے منگل کی شام اعلان کیا کہ قابض فوج نے شمالی غزہ گورنری میں کمال عدوان ہسپتال کا محاصرہ کر رکھا ہے اور اسپتال انتظامیہ کے دفتر پر فائرنگ کی ہے۔
وزارت کی طرف سے جاری ایک بیان کی نقل مرکزاطلاعات فلسطین کو موصول ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایندھن ختم ہونے کی وجہ سے ہسپتال گھنٹوں میں بند ہو جائے گا۔
وزارت صحت نے زور دے کر کہا کہ قابض ریاست کا مطالبہ ہے کہ کمال عدوان، انڈونیشیا اور العودہ ہسپتالوں کو مریضوں اور طبی عملے سے خالی کرایا جائے بصورت دیگر ان کا بھی الشفاء ہسپتال جیسا حشر ہوگا اور اس میں موجود عملے اور مریضوں کو گرفتار کرلیا جائے گا اور ہسپتال کو تباہ کردیا جائے گا۔
قابض فوج نے ایک پیرامیڈک کو گرفتار کیا ہے جو انتہائی نگہداشت کے ایک مریض کےساتھ تھا۔
وزارت صحت نے خاص طور پر شمالی غزہ گورنری میں کام کرنے والے صحت کے اداروں اور ان کے عملے کو سنجیدگی سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
کمال عدوان ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ نے کہا کہ ہمیں باضابطہ طور پر مطلع کیا گیا ہے کہ ہسپتال کو 24 گھنٹے کے اندر تمام مریضوں اور زخمیوں اور تمام طبی عملے سے خالی کر دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے آج کچھ کیسز کو غزہ کے ہسپتالوں میں منتقل کرنے کے بعد مجھ سے براہ راست بات کی۔ ہسپتال سے پانچ بچوں جن کو ایمرجنسی کے شعبے میں منتقل کیا گیا۔
ابو صفیہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج نے مجھے براہ راست دھمکی دی کہ کل تمام مریضوں اور تمام طبی عملے کو ہٹا دیا جائے، ورنہ ہم اپنے آپ کو خطرے میں ڈال دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ "یہ ایک واضح خطرہ ہے کیونکہ کمال عدوان ہسپتال، العودہ ہسپتال اور انڈونیشیائی ہسپتال کو سروس سے باہر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ شمالی غزہ میں ہمارے لوگوں کو زبردستی بے گھر کرنے کا ایک نیا منصوبہ ہے اور اس مکروہ منصوبے کے لیے صحت کی سہولیات کو بند کیا جا رہا ہے۔
ابو صفیہ نے عالمی اور بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ صحت کے شعبے کے خلاف صہیونی جارحیت کو روکنے کے لیے اقدام کریں۔
انہوں نے زور دیا کہ ہم نے تمام متعلقہ بین الاقوامی حکام کو مطلع کیا کہ شمالی غزہ کی گورنری لوگوں سے بھری ہوئی ہے اور ہمیں انہیں صحت کی خدمات فراہم کرنے کا حق ہے۔
ابو صفیہ نے اپنے بیانات میں کہا کہ ہم ثابت قدم رہیں گے اور اپنے لوگوں کی خدمت کریں گے خواہ اس کا انجام کچھ بھی ہو۔