عالمی اتحاد برائے مسلم اسکالرز کی جانب سے جناب مولانا جعفر مسعود الحسنی ندوی کے انتقال پر تعزیت:
اللہ تعالیٰ نے فرمایا:[يَا أَيَّتُهَا النَّفْسُ الْمُطْمَئِنَّةُ ارْجِعِي إِلَى رَبِّكِ رَاضِيَةً مَرْضِيَّةً فَادْخُلِي فِي عِبَادِي وَادْخُلِي جَنَّتِي] سورة الفجر 27-30.
”اے اطمینان والی روح! اپنے رب کی طرف لوٹ چل، اس حال میں کہ تُو اس سے راضی ہے اور وہ تجھ سے راضی۔ پس میرے بندوں میں شامل ہو جا اور میری جنت میں داخل ہو جا۔“
عالمی اتحاد برائے مسلم اسکالرز ندوۃ العلماء لکھنو کے ناظم عمومی جناب مولانا جعفر مسعود الحسنی ندوی کے انتقال پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔ وہ 15 جنوری 2025 کو انتقال کر گئے۔ اللہ ان پر رحم فرمائے۔
پیدائش اور نشوونما
جناب مولانا جعفر مسعود الحسنی 13 ستمبر 1960 کو پیدا ہوئے اور ایک علمی و اسلامی ماحول میں ان کی پرورش اور نشو ونما ہوئی ، جس نے ان کی علمی اور دعوتی شخصیت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔
تعلیم
انہوں نے بچپن میں قرآن کریم کی تعلیم حاصل کی اور بنیادی علوم کی تربیت مکمل کی۔ پھر ندوۃ العلماء دارالعلوم سے وابستہ ہو کر عربی زبان اور اسلامی علوم میں مہارت حاصل کی۔
انہوں نے "عالمیہ" کی سند کے بعد علوم شرعیہ میں تخصص کیا اور لکھنؤ یونیورسٹی سے عربی زبان میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ علاوہ ازیں، انہوں نے ریاض میں جامعہ ملک سعود میں اساتذہ کی تربیتی کورس میں بھی شرکت کی۔
خدمات اور ذمہ داریاں
جناب مولانا جعفر مسعود الحسنی نے تعلیم وتدریس سے اپنے عملی سفر کا آغاز کیا اور دارالعلوم ندوۃ العلماء کے ماتحت مدرسہ عالیہ عرفانیہ میں حدیث اور عربی ادب پڑھایا۔
2013 میں وہ اخبار "الرائد" کے مدیر بنے، 2019 میں اس کے چیف ایڈیٹر کا عہدہ سنبھالا، اور 2021 میں ندوۃ العلماء کے اسلامی علمی مجمع کے جنرل سیکرٹری مقرر ہوئے۔
2023 میں، انہوں نے ندوۃ العلماء کے جنرل سیکرٹری اور رابطۂ ادب اسلامی عالمی ادارے کے نائب صدر کے طور پر خدمات انجام دیں۔
تصانیف اور تراجم
انہوں نے اردو سے عربی میں کئی اہم کتابوں کا ترجمہ کیا:اس کی تفصیل مندرجہ ذیل ہے
فی مسیرة الحیاة (تیسرا حصہ) از مولانا ابوالحسن علی ندوی
شیخ محمد یوسف کاندهلوی: حیات و دعوت کا طریقہ کار
امام محمد زکریا کاندهلوی اور ان کی علمی خدمات
انہوں نے خود بھی اردو اور عربی میں کتابیں تحریر کیں:جن کے اسماء مندرجہ ذیل ہیں
أخي العزيز (عربی)
خواطر (عربی)
دعوتِ فکر و نظر
علمی مقام اور اثرات
مولانا جعفر مسعود الحسنی ایک علمی اور فکری شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے علم، ادب اور دعوت کے میدان میں گہرے نقوش چھوڑے۔ ان کی تصانیف، مقالات اور خطبات نے نوجوان نسلوں کی رہنمائی میں موثر رول ادا کیا اور امت میں بہتر شعور اجاگر کیا۔
ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے، اور ان کے اہل خانہ اور چاہنے والوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
إنا لله وإنا إليه راجعون
دوحہ: 18 رجب 1446ھ
مطابق: 18 جنوری 2025
د. علی بن محمد الصلابی
(سیکرٹری جنرل)
ا. د. علی محی الدین القره داغی
(صدر)