بحث وتحقیق

تفصیلات

غزہ جنگ کو ایک سال مکمل: دنیا بھر میں احتجاج، مظاہرین سڑکوں پر، اسرائیلی مظالم بند کرنے کا مطالبہ

غزہ جنگ کو ایک سال مکمل: دنیا بھر میں احتجاج، مظاہرین سڑکوں پر، اسرائیلی مظالم بند کرنے کا مطالبہ 

   

غزہ جنگ کا ایک سال مکمل ہونے پر دنیا بھر کے متعدد شہروں میں مظاہرین سڑکوں پر نکلے آئے اور اسرائیل کی جانب سے جاری حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق تقریباً 40 ہزار مظاہرین نے وسطی لندن میں فلسطین کے حق میں ریلی نکالی جبکہ ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے پیرس، روم، منیلا، کیپ ٹاؤن اور نیو یارک میں احتجاجی مظاہرے کیے۔

وائٹ ہاؤس کے قریب بھی مظاہرین اکھٹے ہوئے اور امریکہ کی اپنے اتحادی ملک اسرائیل کی جانب سے جاری فوجی کارروائیوں کی حمایت کی مخالفت میں نعرے بازی کی۔



نیویارک کے ٹائم سکوائر پر ہونے والے احتجاج میں مظاہرین نے فلسطین کا روایتی سکارف کوفیہ پہن رکھا تھا اور ’غزہ، لبنان تم سرخروہ ہو گے، لوگ تمارے ساتھ ہیں‘ کے نعرے لگائے۔

مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی بند کرنے کا مطالبہ کیا ہوا تھا۔

گزشتہ سال 7 اکتوبر کو حماس نے جنوبی اسرائیل پر حملہ کیا تھا جس میں ایک ہزار 200 افراد ہلاک جبکہ 250 کو یرغمال بنایا گیا۔ اس کے رد عمل میں اسرائیل نے غزہ پر حملے شروع کیے جس کے نتیجے میں اب تک 42 ہزار کے قریب فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

ایک سال سے جاری جنگ کے دوران غزہ میں 23 لاکھ افراد بےگھر ہو چکے ہیں، بھوک کا بحران شدید نوعیت اختیار کر چکا ہے جبکہ عالمی عدالت انصاف کا کہنا ہے کہ اسرائیل نسل کشی کا ارتکاب کر رہا ہے۔

لندن میں ہونے والے احتجاج میں شامل ایگنس کوری نامی شہری نے کہا کہ ’بدقسمتی سے ہماری تمام تر نیک نیتی کے باوجود اسرائیلی حکومت نوٹس نہیں لیتی اور غزہ میں مظالم جاری رکھے ہوئے ہے اور اب لبنان اور یمن میں بھی سلسلہ شروع کر دیا ہے اور شاید ایران میں بھی ایسا ہی کرے۔‘

برطانوی حکومت بدقسمتی سے صرف بیان بازی کر رہی ہے اور اسرائیل کو ہتھیار سپلائی کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔‘

سب سے زیادہ مسلمان آبادی والے ملک انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتا میں ہزاروں شہری فلسطین کے حق میں امریکی سفارتخانے کے قریب اکھٹے ہوئے اور اسرائیل کو ہتھیاروں کی ترسیل بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

لندن میں فلسطین کے حق میں نکالی گئی ریلی کے دوران مخالفین نے اسرائیلی جھنڈے بھی لہرائے۔ پولیس کے مطابق 15 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے تاہم یہ نہیں بتایا کہ ان کا تعلق کس گروپ سے تھا۔

اٹلی کے دارالحکومت روم میں پولیس نے جھڑپوں کے بعد آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔ تقریباً 6 ہزار مظاہرین انتظامیہ کی جانب سے عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہر کے وسطی علاقے میں پہنچ گئے۔

برلن میں بھی احتجاج میں شامل تقریباً ایک ہزار مظاہرین نے فلسطینی جھنڈے رکھے تھے اور ’نسل کشی کو ایک سال‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔

جرمنی میں بھی مظاہرین نے پولیس کی جانب سے ہونے والے تشدد کی شدید مذمت کی۔ اسرائیل کی حمایت میں بھی مظاہرین نے احتجاج کیا۔ اس دوران فلسطین حامی مظاہرین اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔

غزہ جنگ کے ایک سال کے دوران دنیا بھر کے مختلف ممالک میں بڑے مظاہرے ہوئے جبکہ امریکہ کی یونیورسٹیوں کے کیمپس پر فلسطین حامی طلبا نے کئی ہفتوں تک احتجاجی کیمپ لگائے رکھا۔

غزہ میں جنگ بندی کے لیے امریکہ کی بین الاقوامی سفارت کاری کی کوششیں تاحال کامیاب نہ ہو سکیں۔ حماس کا غزہ سے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا کا مطالبہ ہے جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ حماس کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔





منسلکات

التالي
فلسطینیوں کی نسل کشی کی مذمت، غزہ میں غیرمشروط جنگ بندی کی جائے: اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس
السابق
*نیویارک میں ہزاروں افراد کا غزہ میں نسل کشی کے خلاف احتجاج*

بحث وتحقیق

تازه ترين ٹویٹس

تازہ ترین پوسٹس

اتحاد کی شاخیں