بحث وتحقیق

تفصیلات

فلسطینیوں کی نسل کشی کی مذمت، غزہ میں غیرمشروط جنگ بندی کی جائے: اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس

فلسطینیوں کی نسل کشی کی مذمت، غزہ میں غیرمشروط جنگ بندی کی جائے: اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس

 پیر 7 اکتوبر 2024 17:34

   

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیے میں غزہ میں اسرائیلی مظالم کی مذمت کی گئی ہے۔

پیر کو ایوان صدر میں منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پڑھ کر سنایا۔

آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ایک ورکنگ گروپ بنانے کا اعلان بھی کیا جو دنیا کے مختلف دارالحکومتوں میں فسلطین سے متعلق پیغام پہنچائے گا۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ ’ہم فلسطینیوں کے حق خواداردیت اور فسلطین کے مقبوضہ علاقوں سے اسرائیل کے انخلا سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کی غیرمتزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔‘

’یہ اجلاس اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی پر مبنی مہم کی پرزور مذمت کرتا ہے جس میں بچوں اور خواتین سمیت 40 ہزار سے زیادہ فلسطینی مارے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ اجلاس اسرائیلی فورسز کی جانب سے سکولوں، طبی مراکز اور پناہ گزینوں کے کیمپوں پر بمباری اور امداری کارکنوں اور صحافیوں کو نشانہ بنانے کی بھی سخت الفاظ مذمت کرتا ہے۔‘

خیال رہے کہ پیر کو غزہ میں جنگ کا ایک برس مکمل ہونے پر پاکستان بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ’اجلاس غزہ میں فوری غیرمشروط جنگ بندی، غزہ کا محاصرہ ختم کرنے اور امدادی سرگرمیوں کی بحالی اور اسرائیل کو اس کے جنگی جرائم اور نسل کشی پر مبنی اقدامات کے لیے جوابدہ ٹھہرانے کا مطالبہ کرتا ہے۔‘

اعلامیے میں کہا گیا کہ ’پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتا ہے، جس کا دارالحکومت القدس ہو۔‘

’یہ اجلاس عالمی برادری پر زور دیتا ہے وہ اسرائیل کو علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ بننے والے اقدامات سے روکیں۔ اس سلسلے میں اسرائیل کی لبنان اور خطے کے دیگر ممالک کے خلاف جارحیت کو بھی روکا جائے۔‘


اجلاس میں اسلامی تعاون تنظیم سے فلسطین کی صورت حال پر فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا 


مشترکہ اعلامیے میں غزہ میں امن کے بحالی کے لیے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)، عرب لیگ اور اقوام متحدہ کی سیاسی و سفارتی کوششوں کو سراہا گیا۔

اجلاس میں اسلامی تعاون تنظیم سے فلسطین کی صورت حال پر فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا۔

آل پارٹیز  کانفرنس نے 29 نومبر 2024 کو فلسطینیوں سے یکجہتی کے اظہار کے دن کے طور پر منانے کی قرارداد بھی منظور کی۔

اس کانفرنس میں صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرادری سمیت متعدد سیاسی رہنما شریک ہوئے۔





منسلکات

التالي
فلسطین اور لبنان میں جاری واقعات کے تناظر میں. نقطہ نظر
السابق
غزہ جنگ کو ایک سال مکمل: دنیا بھر میں احتجاج، مظاہرین سڑکوں پر، اسرائیلی مظالم بند کرنے کا مطالبہ

بحث وتحقیق

تازه ترين ٹویٹس

تازہ ترین پوسٹس

اتحاد کی شاخیں